یورپی یونین کی کوپرنکس کلائمیٹ چینج سروس نے 2024 کو دنیا کی تاریخ کا گرم ترین سال قرار دے دیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آہستہ آہستہ زمین آگ کے گولے میں تبدیل ہو رہی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سال 2024 نے گرمی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور یورپی یونین کی کوپرنکس کلائمیٹ چینج سروس نے 2024 کو دنیا کی تاریخ کا گرم ترین سال قرار دے دیا ہے۔ اس سے قبل 2023 دنیا کی تاریخ کا گرم ترین سال قرار دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سال 2016 کے بعد خطِ استوا پر گرم اور ٹھنڈی ہوا میں تبدیلی کا عمل بدل گیا ہے جس نے 2024 کو انسانی تاریخ کا گرم ترین سال بنا دیا۔ اس سال جنوری سے نومبر تک عالمی اوسط درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینیٹی گریڈ سے زائد رہا۔ بڑھتے عالمی درجہ حرارت کے باعث دنیا کے مختلف شہروں کو یکے بعد دیگرے قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق ایک طرف اٹلی اور جنوبی امریکا کو شدید خشک سالی کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری طرف اسپین، نیپال، سوڈان اور یورپ میں طوفانی بارشوں اور سیلابوں نے سال بھر تباہی مچائے رکھی۔ امریکا اور فلپائن میں تباہ کن طوفانوں نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ ایک طرف زمین کا خطہ بارشوں کا مرکز اور برف کا گولہ بنا ہوا تھا تو دوسرا خطہ شدید گرمی کے باعث آگ کا گھر۔ ریکارڈ ساز گرمی کی وجہ سے میکسیکو، مالی اور سعودی عرب میں گرمی کی لہر کے باعث ہزاروں لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سال 2024 میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔