بھارت سے کراچی آئے ماہرین صحت نے پاکستان کو بھارتی شہریوں کیلئے محفوظ قرار دے دیا۔ تیرہویں سارک ای این ٹی کانفرنس میں بھارت سے 5 ماہرین صحت نے شرکت کی۔
پروفیسر کے پی موروانی نے کہا کہ پاکستان اتنا ہی محفوظ ہے جتنا بھارت کا کوئی اور شہر، پاکستانی اتنی مہمان نوازی کرتے ہیں کہ شرمندگی ہوتی ہے۔ پروفیسرکےپی موروانی کا مزید کہنا تھا کہ میرے والدین سندھ سے ہجرت کر کے گئے تھے، آج اپنی جنم بھومی پر واپس آیا ہوں۔
پروفیسر پاٹل نے کہا کہ سال 2006 میں ڈیڑھ گھنٹے میں بمبئی سے کراچی آگئے تھے، اس بارممبئی سے کراچی بحرین کے راستے آنے میں 12 گھنٹے لگے۔ ای این ٹی پروفیسر تنیجا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آکر اردو بولنے اور سننے سےکان سیراب ہو رہے ہیں۔
بھارتی ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام اور ماہرین کے ملنے کے مواقع بڑھائے جانے چاہئیں۔ آرگنائزنگ سیکرٹری سارک ای این ٹی کانفرنس پروفیسر سمیر قریشی کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں افغانستان سمیت سارک ممالک اور دنیا بھر سے 30 غیر ملکی مندوبین شامل ہیں۔