کالجز، جامعات اور سیکنڈری اسکولوں کی طالبات کو پنک اسکوٹیز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ وہ صوبے کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اور اس سلسلے میں ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو پنک اسکوٹیز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے طالبہ طاہرہ عارف، اور خاتون پولیس اہلکار کو پنک اسکوٹی تحفتاً دی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جامعات، کالجز، سیکنڈری اسکولوں کی طالبات کو اسی طرح اسکوٹیز دی جائیں گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم خواتین اور طالبات کو خود مختیار اور خود اعتماد بنانا چاہتے ہیں، پنک اسکوٹیز اسکیم سے متعلق پالیسی جلد تشکیل دے کر اس کا آغاز کر دیا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم صوبے کی خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی کے بھرپور مواقع دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق اس وقت بلوچستان میں 5 خواتین ڈپٹی کمشنر تعینات ہیں، اور یہ خواتین ڈی سی بہترین انتظامی امور سر انجام دے رہی ہیں۔