انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کراچی کے جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے قریب سگنل پر خود کش بم دھماکے کے 2 ملزمان کو مزید 10 دن کے جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے اور تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت میں کراچی ایئر پورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر گرفتار ملزم جاوید اور خاتون گل نسا کو سخت سیکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حکام نےعدالت کوبتایا کہ ملزم جاوید حملے کا ماسٹر مائنڈ اور خاتون ملزمہ سہولت کاری میں شامل ہیں۔ عدالت نے کہا کہ محکمہ داخلہ سندھ ملزمان سے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے، اس کے ساتھ ہی عدالت نے ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب گزشتہ ماہ 6 اکتوبر کی رات غیر ملکیوں کے قافلے سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرا کر دھماکے سے اڑا دی تھی۔ واقعے میں 2 چینی شہری سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوئے تھے۔