Search
Close this search box.
پاکستان تازہ ترین نمایاں

جمائما گولڈ اسمتھ کا عمران خان کی صحت کے حوالے سے خبروں پر تشویش کا اظہار، فوری رہائی کا مطالبہ

جمائما گولڈ اسمتھ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے ساتھ ان کے بیٹوں سے ان کا رابطہ دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے جیل میں ان کی صحت سے متعلق زیر گردش خبروں سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایکس (سابقہ ٹوئٹر)  پر ایک طویل پوسٹ میں لکھا کہ ’ گذشتہ چند ہفتوں میں میرے بیٹوں کے والد، عمران خان کے ساتھ جیل میں برتاؤ کے حوالے سے سنگین اور تشویشناک خبریں آرہی ہیں۔ پاکستانی حکام نے ان کے خاندان اور وکلا کی ملاقاتیں روک دی ہیں اور تمام عدالتی سماعتوں کو مؤخر کر دیا ہے۔‘

جمائما نے یہ بھی بتایا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، 10 ستمبر سے ان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان، جو کہ برطانوی شہری ہیں اور لندن میں رہتے ہیں، کے ساتھ ہفتہ وار کالز بھی بند کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ حکام نے اب ان کے سیل کی بجلی اور روشنی بھی بند کر دی ہے اور انہیں سیل سے باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ جیل کے باورچی کو بھی چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے اور وہ مکمل طور پر قید تنہائی میں ہیں۔ ان کا بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔‘

جمائما نے اپنی پوسٹ میں اس کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ عمران خان کے خاندان، ان کی جماعت (پی ٹی آئی) کے ارکان اور حامیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں اور پاکستان میں تمام سیاسی مخالفین کو خاموش کیا جا سکے۔

جمائما نے مزید لکھا کہ ’عمران خان کے بھانجے حسن نیازی کو اگست 2023 سے فوجی حراست میں رکھا گیا ہے۔ عمران خان کی بہنیں، عظمی اور علیمہ خان، جو ان کے حق میں بولتی رہی ہیں، کو بھی پرامن طور پر ایک مظاہرے میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا اور وہ اس وقت جیل میں ہیں، حالانکہ ان کی گرفتاری کے لیے کوئی قانونی جواز موجود نہیں ہے۔

’اس سال جون میں اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ برائے غیر قانونی حراست نے عمران خان کو غیر قانونی اور بلا جواز قیدی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔‘

جمائما نے اسے ایک ہنگامی صورتحال قرار دیتے ہوئے عمران خان، ان کی بہنوں اور بھانجے کی فوری رہائی اور عمران خان کا ان کے بیٹوں سے رابطہ دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ’وہ خود اطمینان کر سکیں کہ وہ (عمران خان) خیریت سے ہیں اور ان کے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی جا رہی۔‘

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں