کراچی میں آرٹلری میدان پولیس لائن پر بجلی کی مد میں واجب الادا رقم ایک کروڑ 40 لاکھ روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی چوری اور بل کی عدم ادائیگی کے باعث پولیس لائنز کی صرف 2 پی ایم ٹیز کی بجلی منقطع کی گئی تھی، تاہم بلوں کی ادائیگیوں کی یقین دہانی پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ وقت پرکی گئی ادائیگیاں علاقے میں ہونے والی لوڈشیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جز ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی کے بلوں کا مسئلہ کافی سنگین صورت حال اختیار کرتا جارہا ہے۔ حالیہ برسوں میں بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بجلی کے بلوں میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں، جن میں سے ایک بڑی وجہ ملک میں بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں یا انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کا کردار ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں آپریشنز جاری ہیں جس کے تحت بل ادا نہ کرنے والے علاقوں کی بجلی کاٹی جا رہی ہے، جس پر شہری آئے دن احتجاج کرتے رہتے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کے الیکٹرک شکایتی مرکز پر بچوں نے دھاوا بول کر توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔