پاکستان تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ کرنے جارہی ہے۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہوچکا ، ان کے اتحادی بھی جلسے میں شریک ہوں گے۔
جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی۔ امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے اور اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔ اس کے علاوہ ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیےگئے جبکہ مری روڈکو فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔
روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بندکر دیا گیا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا اور راول پنڈی سے اسلام آباد جانے والے متعدد راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
جلسے کےلیے صرف ایک راستہ کھولا گیا ہے۔ شرکا مارگلہ ایونیو سے جلسہ گاہ تک کنٹینرز کی وجہ سے ایک کلومیٹر کا فاصلہ زگ زیگ کی صورت میں کرینگے۔
جلسے کے لئے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ۔پانچ ہزار سیکیورٹی اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کےلیے ساڑھے تین سو ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔ جلسہ کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر دونوں شہروں میں میٹروبس سروس بھی معطل ہے۔
اسلام آباد پولیس نے جلسہ گاہ کے اعتراف ہوٹل، ریسٹورنٹ اور گیس ہاؤسز کو بھی 9 ستمبر تک بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی ہے قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا جائے گا۔اجازت نامہ منسوخ ہونے پر جلسہ نہیں کیا جا سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلسہ دیے گئے وقت کے مطابق ختم کرنا ہوگا۔
کوئی پاکستان مخالف نعرہ جلسے میں نہیں لگے گا، پی ٹی آئی کے ارکان نے اگر طے شدہ نکات کی خلاف ورزی کی تو ان پر سزا کا اطلاق ہوگا، اگر جلسے کے اوقات کی پابندی نہ کی گئی تو جلسے جلوس سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن کا اطلاق ہوجائے گا۔ جلسے کے روٹ کی خلاف ورزی کی گئی تو بھی ایکشن لیا جائے گا اسلام آباد جلسے کا وقت چار سے سات بجے تک ہوگا۔ جو لوگ اسٹیج پر ہوں گے ان کی فہرست بھی فراہم کی جائے گی اگر کسی رول کی خلاف ورزی کی گئی تو ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔