کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان ڈکیتی اور موبائل فونز کی ٹیمپرنگ میں ملوث تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی۔ ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق کارروائی میں 3 ملزمان گرفتار کیا گیا جنکی شناخت محمدایاز، عبدالصبور اور احتشام عرف احسن عرف شہروز کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم محمد ایاز نے 25 جولائی 2023 کو ساتھی کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن میں ایک بزرگ شہری سے گن پوائنٹ پر موبائل فون چھینا تھا۔
ملزمان نے موبائل فون ملزم عبدالصبور عرف صبورا کو فروخت کیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس میں ملزمان کو باآسانی پہچانا جا سکتا ہے۔
ملزمان نے اورنگی ٹاؤن، سائیٹ ٹاؤن اور گردونواح کے علاقوں میں ڈکیتی کی 50 سے زائد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا اور ملزمان نے وارداتوں میں 200 سے زائد موبائل فونز اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم عبدالصبور عرف صبورا نے 100 سے زائد موبائل فونز کی ٹمپرنگ کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فونز اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔