کراچی میں بادل برسیں گے یا نہیں ؟ شہری انتظار کرتے رہ گئے لیکن ہفتے کے روز دن بھر موسم ابر آلود رہنے کے باوجود رم جھم بھی نہ ہوئی۔ رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ضرور ہوئی لیکن آج صبح کراچی والے اٹھے تو ایک بار پھر سورج کی کرنوں نے استقبال کیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج صبح سے شہر قائد میں تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی، لیکن اب تک بوندا باندی بھی نہیں ہوسکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو آج شام یا رات میں بارش کی امید دلادی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرۂ عرب میں تاحال موجود ہے، جو آج شام یا رات کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا سبب بن سکتا ہے۔
موسمیات نے نئی پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں شام سے بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، اور کل آندھی کا امکان بھی رہے گا۔ شہر میں کل اور منگل کو بھی کہیں ہلکی کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔
کراچی میں صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فی صد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 5 جولائی تک مون سون کا پہلا اسپیل سندھ پر اثر انداز رہے گا، پہلے مون سون سسٹم کے پیچھے ایک اور سسٹم بھی ہے، جو مشرقی بھارت اور خلیج بنگال میں موجود ہے، یہ دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کے ختم ہونے کے 18 گھنٹے بعد اثر انداز ہو سکتا ہے۔