وزیر اعظم شہباز شریف آج ترکی کے دورے پر روانہ ہوں گے، دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دورے میں وزیر اعظم کے ساتھ وزراء، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جبکہ پاکستان کا مختلف کمپنیوں کے نمائندگان پر مشتمل وفد بھی الگ سے ترکی کا دورہ کرے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہو گا جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو پہلے سے ترکی میں موجود ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔
دونوں رہنما ملاقاتوں کے بعد مشترکہ پریس پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جبکہ ترک صدر وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔
دورے کے دوران پاک ترک سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر لوگوکی رونمائی بھی ہوگی ، جس میں دونوں رہنما شرکت کریں گے۔