امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور ممکنہ جوہری جنگ کے خطرے کو روکنے میں امریکا نے کلیدی کردار ادا کیا۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر ممکن بنانا آسان نہیں تھا، دونوں ممالک ابتدا میں پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دونوں ملکوں سے کہا: "ہم تمہارے ساتھ خوب تجارت کریں گے لیکن پہلے یہ سب بند کرو، اگر تم یہ بند کرتے ہو تو ہم تجارت کریں گے، ورنہ کوئی تجارت نہیں ہوگی۔”
مزید پڑھیں؛پاکستان اور بھارت کے درمیان برسوں پرانا تنازع حل کرواؤں گا:ڈونلڈ ٹرمپ
ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک خطرناک جوہری جنگ بن سکتی تھی جس میں لاکھوں جانیں ضائع ہونے کا خدشہ تھا، مگر قیادت نے دانشمندی اور مضبوطی کا مظاہرہ کیا اور حالات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے امن کا راستہ اپنایا۔
امریکی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت نے تجارت کو بطور سفارتی ہتھیار استعمال کر کے سیز فائر میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ: "لوگوں نے کبھی تجارت کو اس انداز میں استعمال نہیں کیا جس طرح میں نے کیا۔”
ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت دونوں کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور جوہری جنگ کے خطرے سے بچاؤ میں عالمی امن کو ترجیح دی۔