Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

پاک بھارت جنگ بندی، اقوامِ متحدہ سمیت دیگر ممالک کا خیرمقدم

پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان پر اقوامِ متحدہ، سعودی عرب، ایران، برطانیہ اور جرمنی نے خیر مقدم کیا ہے۔

پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امید ہے پاک بھارت جنگ بندی پائیدار امن میں کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ نے کہا وہ اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، کیونکہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں کمی لانے کی ایک عملی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کا یہ اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور بھارت خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنجیدہ ہیں۔

سعو دی نائب وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے نائب وزیرِ اعظم وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا ہے۔

مزید پڑھیں:بھارتی سرکاری میڈیا نے پاکستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے بھارتی الزام کی تردید کردی

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا ایران نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک اس موقع کو کشیدگی میں کمی اور خطے کے پائیدار امن کےلیے استعمال کریں۔

برطانیہ نے بھی پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے، اس حوالے سے برطانوی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ فریقین کشیدگی میں کمی برقرار رکھیں جو سب کے مفاد میں ہے۔

جرمنی کے دفترِ خارجہ نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا جنگ بندی پر رضامند ہونا کشیدگی سے نکلنے کی جانب پہلا اہم قدم ہے۔ جرمن دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشیدگی کے خاتمے کی کنجی بات چیت ہی ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts