بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے آپریشن بُنيان مَرصوص کی کامیابی کے بعد کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر میں شہری جشن منارہے ہیں، پاک فوج سے اظہار تشکر کی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم محمد شہبا شریف نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بُنیان مّرصُوص کی کامیابی پر آج بروز اتوار کو ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں مختلف مقامات پر شہریوں نے ریلیاں نکالی، پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ شہریوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند اور پاک فوج کی جیت قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا بھی جانتے ہیں۔
سندھ کے شہر کشمور میں بھی بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر عوام نے علمدار چوک تک فلک شگاف نعروں کے ساتھ ریلی نکالی۔ حاجی عبدالرؤف کھوسو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”پاک فوج دنیا کی بہادر ترین فوج ہے اور ہم اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔“
شہدادکوٹ اور نصیرآباد میں لغاری محلہ سے پریس کلب تک ہونے والی ریلی میں شہریوں نے بھارت مخالف نعرے لگائے اور کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
راجن پور میں وکلاء، تاجر، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں اسپتال چوک سے کچہری چوک تک ریلی نکالی، بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ساہیوال کے ضلع کونسل ہال سے ڈی سی چوک تک الفتح ریلی نکالی گئی، جہاں شرکاء نے ”پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد“ کے نعرے لگائے۔
مزید پڑھیں:بھارت کیخلاف پاکستان کا آپریشن ’بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص کا کیا مطلب ہے؟
بھارت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی پر اسلام آباد میں جشن منایا گیا اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی، جس میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح پنجاب کے ضلع بہاول نگر میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاک فوج سےاظہار تشکر ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات سول سوسائٹی نے شرکت کی۔
بلوچستان کے ضلع حب میں پاکستان کی تاریخی کامیابی اور بھارت کی پسپائی پر یومِ تشکر منایا گیا۔ ہزاروں شہری قومی پرچم تھامے ریلی میں شریک ہوئے اور وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بھی عوام نے افواجِ پاکستان کے دفاعی کارناموں کو سراہتے ہوئے زبردست ریلی نکالی۔ شرکاء نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معصوم شہداء کا بدلہ لیا اور دشمن کو بھرپور جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ملاکنڈ، بٹ خیلہ اور درگئی میں شہریوں نے ریلیاں نکال کر پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے اور کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا جواب بھرپور قوت سے دیا جائے گا۔
آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے یومِ تشکر ریلیاں نکالی گئیں۔ آزادی چوک میں ہونے والی مرکزی ریلی میں شرکاء نے پاک فضائیہ کے اقدام کو مودی کے غرور کا خاتمہ قرار دیا اور کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔
ملک بھر میں جاری ان ریلیوں نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان ایک متحد قوم ہے، جو اپنی فوج پر ناز کرتی ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔