میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پانی کی چوری میں ملوث 2 افسران کو معطل کر دیا ہے۔
کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب اور سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق میئر کراچی نے لسبیلہ برج، لیاری ندی، ناظم آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے واٹر کارپوریشن کے افسران کے ہمراہ پانی کی فراہمی اور چوری سے متعلق صورتِ حال کا مکمل جائزہ لیا۔
رجمان کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد شہر میں پانی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر اور تیز کرنا ہے۔ اس موقع پر کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، پانی صرف شہریوں کا حق ہے، کسی کو چوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر پانی کی چوری میں ملوث 2 افسران کو معطل کر دیا گیا۔ واٹر کارپوریشن کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ نے دونوں افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ پانی کی چوری میں ملوث کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔