امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہےکہ بھارت اور پاکستان سیزفائر پر تیار ہوگئے ہیں۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ دونوں ممالک کو مبارک باد دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربھارت نے ہوش مندی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی رات کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے، پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ائیر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
پاکستان نے آج صبح بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔ پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا۔