آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان کی سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) سے اب تک 25 ہیروپ ڈرونز کو مار گرائے گئے ہیں،
ڈرون گرائے جانے کے واقعات کراچی، راولپنڈی، لاہور،گجرات، عمر کوٹ، ڈہرکی، گھوٹکی، چکوال، سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں گرائے گئے ہیں، لاہورکے والٹن روڈ پرڈرون گرنے سے 4 فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ راولپنڈی فوڈ اسٹریٹ کے قریب ڈرون گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے 6/7 مئی کے بزدلانہ حملہ میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی ہلاکتوں ہونے کے بعد، بھارت بوکھلاہٹ میں یہ اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے
اس سے قبل پریس بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے گزشتہ رات بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں حملے کیے گئے جنہیں پاک فوج نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے ناکام بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے لاہور، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، چھور، میانو، گوجرانوالہ اور کراچی کے قریب مختلف مقامات پر ہیروپ ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاک فوج کے چوکنا اہلکاروں نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے تباہ کیا، تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ لاہور میں پاک فوج کے 4 افسران زخمی ہوئے جبکہ سندھ کے علاقے میانو میں ایک سویلین شہری شہید ہوا، اس کے علاوہ تمام ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا 6 اور 7 مئی کو بھارت نے پاکستان پر حملے کی غلطی کی جس کا اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ہندوستان عقلمندی کے تمام راستے کھونے کے قریب ہے، بھارت کو رات گئے کیے گئے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے، بھارت نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، ہم اس قسم کی جارحیت کو ناصرف قابو پانے کا عزم رکھتے ہیں بلکہ اس پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیان شب بھارت نے آزاد کشمیر میں مظفر آباد، کوٹلی اور باغ سمیت مریدکے اور شگر گڑھ میں سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے 31 پاکستانیوں کو شہید اور 57 کو زخمی کیا۔
پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت بھارت کے 5 طیاروں کو تباہ کیا، پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔
یہ لائیو بلاگ آپ کو بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی سے متعلق مصدقہ اپ ڈیٹس، سرکاری بیانات، عوامی ردِعمل اور بین الاقوامی ردِعمل فراہم کرتا ہے۔
-
پاک بھارت کشیدگی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی،100 انڈیکس6 ہزار482پوائنٹس کی کمی پر بند
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شیدید مندی کے بعد کاروبار کا اختتام ہوگیا۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ گراوٹ کا شکار رہی، کاروبار کا اختتام 6482 پوائنٹس کی مندی پر ہوا اور ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 3 ہزار 526 پوائنٹس پر بند ہوا، آج مارکیٹ میں 6 فیصد کی کمی ہوئی۔ ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 10 سے ایک لاکھ 4 ہزار تک کی حدیں برقرار نا رکھ سکا، شدید مندی کے باعث ساڑھے بارہ بجے مارکیٹ میں ٹریڈنگ ایک گھنٹے کے لیے معطل بھی کی گئی۔ مارکیٹ میں پورا دن 35 ارب روپے مالیت کے 65 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا، 35 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ جبکہ 373 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی۔
5:12 شام -
پاکستان نے 25 اسرائیلی ساختہ ڈرون گرا دئیے
بھارت کی جانب سے پاکستان میں ایک مرتبہ پھر دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ پاک فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں 25 اسرائیلی ساختہ ڈرونز گرا دئیے ہیں۔
پاک فوج نے ملک کے مختلف شہروں میں بھارت کی جانب سے ہونے والے ڈرونز حملوں کو ناکارہ بنا دیا اور جوابی کارروائی اب بھی جاری ہے۔
لاہور
لاہور کے علاقےوالٹن میں 3 ڈرونز کو مار گرایا اور ان ڈرون حملوں میں 4 افسران زخمی بھی ہوئے ہیں۔
لاہور کے علاقے برکی اور والٹن میں دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سن کر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔
والٹن کے علاقےمیں سائرن کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
گوجرانوالہ
گوجرانوالہ میں پاک فوج نے 2 ڈرونز کو ناکارہ بنایا اور دونوں کا ملبہ بھی مل گیا۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے بتایا ہے کہ گوجرانوالہ پر بھارت کی طرف سے پہلا ڈرون حملہ گزشتہ شب 3 بجکر 44 منٹ پر کیا گیا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس ڈرون کا ملبہ پیرو چک اور سو لکھن کے کھیتوں کے درمیان میں پڑا ہوا ملا۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ یہ ایک بڑا ہتھیار لے جانے والا ڈرون تھا اور ہماری بھادر افواج نے یہ ڈرون مار گرایا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ڈرون گرنے سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب، گوجوانوالہ پولیس نے ایک اور بھارتی ڈرون کے ملبے کے ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ڈرون سیالکوٹ کی طرف سے آیا تھا اور اسے گوجرانوالہ میں نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ تباہ ہونے والے ڈرون کا ملبہ نواحی گاؤں ٹوکریاں کے قریب کھیتوں میں موجود ہے۔
چکوال
چکوال میں ڈھمن کے علاقے میں دیوالیاں کے قریب گرنے والے ڈرون کا ملبہ بھی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
بہاولپور
پاک فوج نے بہاولپور میں ہونے والے ڈرون حملے کو بھی ناکارہ بنا دیا ہے۔
گھوٹکی
گھوٹکی میں مارا گیا ڈرون داد لغاری تھانے کی حدود میں گرا۔
بھارت نے پھر دراندازی کی کوشش کی، تمام 25 ڈرونز کو ناکارہ بنادیا گیا: ڈی جی آئی ایس پی آر
پولیس کے مطابق ڈرون حملے میں 2 کسان زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک اسپتال میں چل بسا۔
کراچی
کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ کے قریب دھماکا سنا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری دھماکے کی جگہ پہنچ گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی جگہ سے کچھ دھاتی ٹکڑے ملے ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، کراچی کے علاقے گلشن حدید میں بھی کچھ دھاتی ٹکڑے ملے ہیں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری وہاں بھی پہنچ گئی ہے اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
5:10 شام -
پاک بھارت کشیدگی، پاکستانی سمندری حدود میں ماہی گیری پر پابندی عائد کر دی گئی
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی سمندری حدود میں ماہی گیری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہی گیری کے لیے سمندر میں موجود فشنگ ٹرالتز کشتیوں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہائی الرٹ تک سمندر میں کوئی غیر ضروری بوٹس اور ماہی گیری کشتیاں فشنگ بوتس پر پابندی ہو گی۔
-
بھارتی ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا،پاکستان کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم سیکیورٹی اجلاس منعقد ہوا جس میں بھارت کی حالیہ جارحیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور سیکیورٹی حکام نے شرکت کی اور شرکاء کو بھارتی ڈرون حملوں، پاکستانی ردعمل، اور زمینی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا، اور جوابی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ پاکستان نے اب تک بھارت کے 25 اسرائیلی ساختہ ڈرون مار گرائے ہیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کا بدلہ لیا جائے گا اور ایک ایک خون کا حساب لیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور ہم ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے کئی ڈرون اور جنگی جہاز مار گرائے ہیں، جو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے وقار اور عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے لیکن کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور دشمن کو خود ارادیت، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر قومی اتحاد، افواجِ پاکستان سے یکجہتی اور ملکی دفاع کے لیے مکمل تیاری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
4:26 شام -
ایل او سی پر بھارت کے 50 کے قریب فوجی مارے،عطا تارڑ
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا اور ہم نے ایل او سی پر دشمن کے 40 سے 50 فوجیوں کو ہلاک کیا جو بہت بڑی کامیابی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے بزدل بھارت نے تاریکی ہے پاکستان پر حملہ کیا، اس نے دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی رافیل کی شکل میں استعمال کی، بھارت کو بہت غرور و ناز تھا وہ خاک میں مل چکا ہے، پاکستان قوم ہر موقع ہر اکھٹی ہو جاتی ہے، یہ پانچ انگلیاں مل کر زور دار مکا ثابت ہوتی ہیں، یہ بھارتی جہاز نہیں گرے بلکہ بھارتی قوم کا غرور خاک میں ملا ہے، اپنے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا،
ان کا کہنا تھا رافیل کمپنی کے شیئرز 18 فیصد گرے ہیں، وہ جس طریقے سے پاکستان کا نقصان کرنا چاہتے تھے اس میں ناکام ہوئے، اب بھارت نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے حکمت عملی تبدیل کی ہے، پاکستانی عوام ہمیشہ ایسی صورتحال میں اکھٹی ہوکر مقابلہ کرتی ہے، دشمن اپنے مقاصد کے لیے اعلیٰ سے اعلیٰ ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے، اب تو رافیل بنانے والے بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ہم ان کو چائے پلانے کو تیار تھے لیکن اس بار دشمن بھاگ گیا، ہم نے اس بار چائے کی اسے ہوم ڈلیوری کی ہے، پاکستانی ادارے اور افواج ہر سازش کا سینہ تان پر مقابلہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا اب بھارت نے ڈرون بھیجنے شروع کر دیے ہیں، ہم نے 25 ڈرونز مار گرائے،کچھ کو جیم کر کے اور کچھ کو ائیر ڈیفنس سسٹم سے گرایا گیا، بھارت رافیل اور دیگر جہازوں کا ملبہ چھپانا چاہتا تھا، گرائے گئے تباہ شدہ ڈرونز کا ملبہ ہم اپنے عجائب گھر میں رکھیں گے، ان 25 ڈرونز کو گرا کر ہم نے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا ایل او سی پر ہم نے بھارت کے 40 سے 50 فوج ہلاک کیے ہیں، جو بہت بڑی کامیابی ہے، بھارت سولین آباد کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن ہم سویلینز کو نشانہ نہیں بنا رہے، ہم ٹھوس اور مؤثر جواب دے رہے ہیں۔
4:06 شام -
راولپنڈی کی فوڈ اسٹریٹ کے قریب ڈرون گرنے سے زخمی ہونے والا شخص جاں بحق ہو گیا
راولپنڈی کی فوڈ اسٹریٹ کے قریب ڈرون گرنے سے زخمی ہونے والا شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرون گرنے سے زخمی ہونے والا نوجوان بے نظیر بھٹو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا ہے۔
3:47 شام -
پاکستان کے ائیرڈیفنس ریڈارزاور سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا ہے، بھارت کا دعویٰ
بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج نے پاکستان کے اندر متعدد مقامات پر ایئر ڈیفنس ریڈارز اور سسٹمز کو مخصوص فوجی اہداف کے تحت نشانہ بنایا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کے جواب میں کی گئیں۔
بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بلااشتعال فائرنگ کے بعد بھارت کو مجبوری کے تحت جوابی کارروائی کرنا پڑی۔ تاہم بھارتی فوج کشیدگی میں اضافے سے گریز کے عزم پر قائم ہے، بشرطیکہ پاکستانی فوج بھی اس عزم کا احترام کرے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان نے 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب شمالی اور مغربی بھارت میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن بھارت کے ایئر ڈیفنس سسٹمز نے ڈرونز اور میزائل حملوں کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔
بھارتی حکومت کے مطابق حملوں کے بعد گرنے والے ملبے کو مختلف مقامات سے اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
3:24 شام -
پاکستان کی جوابی کارروائی کا خوف، بھارت کے 25 ائیرپورٹ بند، سیکڑوں پروازیں منسوخ
پاکستان کی جوابی کارروائی کے خوف کے باعث بھارت نے پورے ملک میں الرٹ جاری کردیا اور اپنے 25 ائیرپورٹس 9 مئی تک بند کردیے جن میں سری نگر، جموں، لیہہ، امرتسر، پٹھان کوٹ، چندی گڑھ، جودھ پور، جیسلمیر، شملہ، دھرمشالہ اور جام نگر اور دیگر شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ائیر لائنز نے 200 سے زائد پروازیں بھی منسوخ کردی ہیں اور کئی ائیر لائنز نے اپنے فلائٹ آپریشنز بھی بند کردیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ائیرپورٹس بند اور سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے سے بھارتی ائیرلائنز کو کروڑوں بھارتی روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
3:10 شام -
پاک بھارت کشیدگی، پی ایس ایل 10 کے میچز کراچی منتقل کرنے کی تجویز
پاکستان بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل کے میچز کے حوالے سے پی سی بی اور وزارت داخلہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ایس ایل 10 کے میچز کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کراچی منتقل کر دئیے جائیں، ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور ائیر اسپیس کی بندش کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز کی کراچی منتقلی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
2:59 شام -
لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ ائیرپورٹ کا فلائٹ آپریشن بحال، کراچی ایئرپورٹ کا آپریشن تاحال معطل
لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ ائیرپورٹ کا آپریشن بحال کر دیا گیا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے پیشںِ نظر ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل کیا گیا تھا۔
تاہم اب بتایا جا رہا ہے کہ بند کیے جانے والے ائیرپورٹس کو آپریشن کیلئے بحال کردیا گیا ہے۔
ترجمان پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ ائیرپورٹ کا آپریشن بحال کر دیا گیا ہے جبکہ کراچی ائیرپورٹ کا آپریشن فی الحال معطل رہے گا۔
ترجمان پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور، آسلام آباد اور سیالکوٹ ائیرپورٹس فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہیں۔
پی اے اے کے ترجمان کے مطابق ہیڈکوارٹرز پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ ٹرمینل ون اور اولڈ ٹرمینل کراچی کی فضائی حدود آج شام 6 بجے تک بند رہے گی۔
2:36 شام -
کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی کراچی ایکسپریس کو آج کیلئے منسوخ کردیا گیا
کراچی ایکسپریس کی اپ اینڈ ڈاؤن دونوں ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں۔ پاکستان ریلوے کے مطابق مسافروں کو پاک بزنس ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جارہا ہے۔ پاکستان ریلوے نے مسافروں کو بکنگ اور رہنمائی کیلئے قریبی ریزرویشن آفس سے فوری رابطہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
2:32 شام -
پاکستان میں بھارتی حملے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اہم اجلاس جاری
بھارت نے پاکستان پر مزید حملے کیے ہیں جس کے باعث پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ -
کراچی کے علاقے ملیر میں دھماکے کی اطلاع ملی، پولیس، ریسکیو اور سیکیورٹی اداروں کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
کراچی میں ملیرکے علاقے میں بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہوگئے تاہم ڈرون گرنےسے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ ملیرشرافی گوٹھ میں دھماکے کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو جائے وقوع سے دھاتی ٹکڑے ملے۔
2:05 شام -
کراچی کے علاقے گلشن حدید کے قریب بھی ڈرون گرنے کی اطلاع ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر دھاتی آلات کے ٹکڑے ملے ہیں۔
کراچی کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ کے قریب اسٹیل ٹاؤن فلٹر پلانٹ کے قریب ڈرون کرنے کی اطلاع ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جائے وقوعہ پر دھاتی آلات کے ٹکڑے برآمد ہوئے
2:00 شام -
بھارت نے گزشتہ رات ایک بار پھر دراندازی کی، مختلف شہروں میں بھارت کے ڈرونز مار گرائے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے پاکستان میں ڈرون بھیجنے کی کوشش کی، جن کو مار گرایا گیا ہے۔ انہوں نے 4 افسران کے زخمی ہونے کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔
1:56 شام