آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے بھرپور شرکت کی، ورکشاپ کا مقصد مستقبل کی قیادت کو قومی و صوبائی امور سے روشناس کرانا ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی پر مسلسل توجہ دے رہی ہے، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے پر سول سوسائٹی کا کردار قابلِ تحسین ہے، بیرونی پشت پناہی سے چلنے والی دہشتگردی بلوچستان کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بلوچ شناخت کے نام پر دہشتگردی پھیلانے والے عناصر بلوچ قوم کی بدنامی کا سبب ہیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس زمین سے زمین پر مار کرنے والے فتح میزائل کا کامیاب تجربہ
آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان کا امن کا عزم برقرار ہے، لیکن خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دہشتگردی کو پوری قوم کے اتحاد سے ہی شکست دی جا سکتی ہے، پاکستانی افواج اور ادارے عوام کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔