کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم شام میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے۔ شمال مغرب سے خشک ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں ہوا کا رخ بدلتے ہی فضائی معیار بھی خراب ہونے لگا۔ شہرقائد اس وقت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضا میں اس وقت آلودہ زرات کی مقدار 142 پرٹیکولیٹ میٹرز ہے جو حساس لوگوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ائیرکوالٹی انڈیکس کے مطابق 101 سے 150 تک حساس گروپ کیلئے مضرصحت، 151 سے 200 انڈیکس مضرصحت، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت جب کہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بارش کے بعد درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو کر 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، درجہ حرارت میں کمی کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی سے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔