بھارت سے واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستانیوں کی واپسی سے متعلق دفتر خارجہ کا بیان سامنے آگیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ بھارت کی جانب سے پاکستانیوں کے ویزا کی منسوخی سنگین انسانی مسائل پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مریض نازک صحت کے ساتھ علاج مکمل کیے بغیر وطن واپس آچکے ہیں۔
مزید پڑھیں:بھارت کی کسی بھی فوجی کارروائی کا فوری،بھرپور اور دو ٹوک جواب دیا جائےگا، آرمی چیف
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ خاندانوں کے بچھڑنے اور بچوں کے والدین سے جدا ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ پاکستانی شہری اٹاری سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ واہگہ اٹاری سرحد عبور کرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل تھی، بھارتی حکام اجازت دیں تو ہم اپنے شہریوں کو واپس لینے کےلیے تیار ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کےلیے واہگہ بارڈر آئندہ بھی کھلا رہے گا۔