مقبوضہ جموں کشمیر کے سیاحتی مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے بیسرن میڈوس میں تفریح کے لیے آئے سیاحوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ابتدائی طور پر پانچ افراد جاں بحق جبکہ 20 شدید زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ناقص انتظامات کی وجہ سے موقع پر ہلاک سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
حملہ آوروں کو بخشا نہیں جائے گا، وزیراعظم مودی
پہلگام، جموں و کشمیر میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کی ہدایت دی۔ امیت شاہ نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ وہ جلد ہی سرینگر پہنچ کر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللہ نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حالیہ سالوں میں ہونے والا بہت بڑا حملہ ہے جس میں سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قبل ازیں سیاحوں کی آمد کے پیش ںظر علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور اضافی نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔