کراچی کی سب سے بڑی مویشی منڈی ناردرن بائی پاس پر سجنا شروع ہوگئی ہے، منڈی کا باقاعدہ افتتاح آج کیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب 12 سو ایکڑ پر محیط مویشی منڈی کا افتتاح کریں گے، منڈی میں پارکنگ کے ریٹس آدھے کردیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:مویشی منڈی کا منفرد "ٹوکن سسٹم” کیا ہے ؟
ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی انتظامیہ شہاب علی نے بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کا پاس 50 فیصد کم قیمت پر فراہم کیا جائے گا جبکہ جانوروں کی ادویات بھی نصف رقم پر دی جائیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی کے لیے منڈی کے راستوں پر 20 سے زائد پکٹس لگائی جائیں گی۔ شہاب علی نے مزید بتایا کہ منڈی میں اب تک 200 جانور لائے جاچکے ہیں۔ یاد رہے کہ پچھلے سال بھی مویشی منڈی میں لین دین کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اہم اقدام کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت میں اضافہ کیا تھا۔
اسٹیٹ بینک نے گزشتہ سال 31 مئی سے 20 جون تک ٹرانزیکشن اور بیلنس لمٹ کو عارضی طور پر بڑھا دیا تھا جبکہ مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت میں اضافہ کیا گیا تھا تاکہ لوگ اس سے مستفید ہوسکیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل چینلز کو محفوظ اور متبادل ادائیگی موڈ کے طور پر فروغ دینا ہے، اقدام کا مقصد نقدی پر مبنی لین دین کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔