کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کے بعد نان، چپاتی کی قیمتیں بھی کم کردی گئیں ہیں، کمشنر کراچی حسن نقوی کے حکم پر نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے
نوٹیفکیشن کے مطابق چپاتی 100 گرام 10 روپے میں فروخت کی جائے گی، 120 گرام نان 15 روپے جبکہ 150 گرام نان 17 روپے میں فروخت کیا جائے گا

کمشنر کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 180 گرام نان کی زیادہ قیمت 22 روپے رکھی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تندور مالکان فوری نرخ نامہ نمایاں جگہ آویزاں کریں، قیمت بڑھانے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
کمشنر کراچی حسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہری شکایت درج کرائیں، خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخ سے تجاوز کرنا قابل سزا جرم ہے۔ واضح رہے کہ کمشنر کراچی کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں 10 سے 17 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔