عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اب فلم انڈسٹری کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے ہالی وڈ کے نامور فلم ساز میتھیو وان کے ساتھ مل کر پروڈکشن اسٹوڈیو بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اس نئے فلم اسٹوڈیو کا نام "URMarv” رکھا جا رہا ہے جو کھیل اور سنیما کی دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر لے آئے گا۔ رونالڈو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں فلم اسٹوڈیو کا اعلان کرتے ہوئے بہت پُرجوش ہوں کیونکہ اب میں ایک نئے کام کی شروعات کر رہا ہوں۔
مزید پڑھیں:پرتگال کے فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا 200 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا ورلڈ ریکارڈ
فلم اسٹوڈیو میں رونالڈو کے پارٹنر میتھیو وان نے کہا کہ کرسٹیانو نے فٹبال کے میدان میں وہ کہانیاں تخلیق کی ہیں جو کوئی نہیں لکھ سکتا تھا۔ میتھیو وان نے مزید کہا کہ میں ان سچی کہانیوں پر متاثر کن فلمیں بنانے کا منتظر ہوں۔
خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو پہلے ہی پرفیومز اور گھڑیوں کے برانڈز سمیت پراڈکٹس کے ذریعے فیشن کی دنیا میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ گزشتہ برس اگست میں ہی کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کیا تھا جو چند گھنٹوں میں سب سے زیادہ ویوز اور فالوورز حاصل کرنے والا چینل بن گیا تھا۔