کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ صبح کی شفٹ میں آج سائنس کا پرچہ ہورہا ہے جبکہ شام کی شفٹ میں جنرل گروپ کے طلباء کا امتحان لیا جائے گا۔ میٹرک بورڈ انتظامیہ کے تحت آج دسویں جماعت کے طلباء کمپیوٹر اسٹیڈیز کا پرچہ دیں گے۔
میٹرک بورڈ انتظامیہ کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے 499 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت 3لاکھ 75ہزارطلباء و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے۔ امتحانی مراکز میں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کر لیا جائے گا۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ فول پروف انتظامات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو لیٹر جاری کردیا گیا ہے۔ امتحانی مراکز کے اطراف میں فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔ کے الیکٹرک سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ امتحانی مراکز کے حوالے سے کراجی میٹرک بورڈ نے تاحال باضابطہ رابطہ نہیں کیا ہے۔ میٹرک کے امتحانی مراکز کی لسٹ و شیڈول کیساتھ باضابطہ درخواست موصول ہونے پر جائزہ لیکر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا