وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج فلائٹ آپریشن 29 اپریل 2025 سے شروع ہو گا۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ رمضان سے قبل حاجیوں کی ٹریننگ کا پہلا سیشن مکمل ہو چکا ہے اور دوسرا مرحلہ جلد شروع ہو گا، جس کی ٹریننگ پنجاب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت حاجیوں کے لیے بہترین انتظامات کرتی ہے اور پانچ دن حج کی ذمہ داری سعودی حکومت کی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ حجاج بہترین عبادات کر سکیں گے۔ سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر حج سے ملاقات کا ذکر کیا اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں حج انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت 90 ہزار عازمین حج روانہ ہوں گے، اور لانگ ٹرم حج کی قیمت ساڑھے 10 لاکھ روپے جبکہ شارٹ ٹرم حج کی قیمت ساڑھے 11 لاکھ روپے رکھی گئی ہے، اور بچا ہوا پیسہ حاجیوں کو واپس کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، حجاج کو ٹریننگ سے پہلے ویکسین دینے کی تجویز بھی دی ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ انہیں آج تک یہ اطلاع نہیں ملی کہ کسی حاجی نے سعودی عرب میں بھیک مانگی ہو، اور اگر کسی شخص یا کمپنی کا اس میں ملوث ہونے کا پتا چلا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔