پاکستانی لڑکے کی مبینہ محبت میں کراچی پہنچ کر وائرل ہونے والی امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن اپنے ملک پہنچ گئیں ہیں اور ان کی نیویارک میں ویڈیوز وائرل ہوگئی ہیں۔
امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیوز میں اینڈریو رابنسن کو پاکستان کے مقابلے اچھی حالت اور اچھے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیوز میں اونیجا اینڈریو رابنسن نیویارک شہر کے پوش علاقوں میں گھومتی دکھائی دیتی ہیں جب کہ انہوں نے وہاں میڈیا اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے بات چیت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ نیویارک پہنچنے پر بہت خوش ہیں اور یہ کہ ان کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گرفتاری کی خبریں غلط ہیں۔ اونیجا کے مطابق وہ پاکستان میں پھنس گئی تھیں جس کے بعد وہ دبئی میں بھی مشکلات کا شکار رہیں اور وہاں سے بھی بروقت نکل نہ پائیں لیکن ان کی گرفتاری کی باتیں غلط ہیں۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ اونیجا اینڈریو رابنسن 19 سالہ پاکستانی نوجوان سے شادی کی خواہش لیے گزشتہ برس 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھیں۔ کراچی میں تقریباً 4 سے 5 ماہ رہنے کے بعد انہوں نے امریکا واپس جانے سے انکار کر دیا تھا۔
امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ میری شادی آن لائن ہو چکی ہے، پیسوں کے لیے شادی نہیں کی، میرے پاس پیسہ ہے۔ بعدازاں کراچی ویمن پولیس کی مدد سے انہیں براستہ دبئی امریکا بھیجنے کا انتظام کیا گیا۔