عید کے موقع پرمیئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے معمولی انتظامی غفلت پر معطل کیے جانے والے ملازمین و افسران کو بحال کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ عید مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، بحال کرنے کا مقصد ان افسران و ملازمین کی عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ بحال ہونے والے افسران و ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ انتظامی غفلت نہ برتیں۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق بحال ہونے والے افسران و ملازمین میں اختیارات سے تجاوز کرنے والے،مالی بے ضابطگی اور سنگین نوعیت کی انتظامی بدعنوانی کرنے والے شامل نہیں ہیں، اس کے علاوہ ایسے افسران جن کے خلاف عدالتی کارروائی،انکوائری جاری ہے یا ان پر الزامات ثابت ہوچکے ہیں بحال ہونے والوں میں شامل نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے بحال ہونے والے افسران و ملازمین آئندہ محنت، لگن اور توجہ کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے۔