پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عمران خان کو کوئی رعایت نہ ملنے پر عید الفطر کے تین روز اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سربراہ جنید اکبر نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ پارٹی کارکن عید الفطر کے تینوں دن اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں گے جہاں سابق وزیراعظم عمران خان قید ہیں۔
جنید اکبر نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کی جماعتیں ہماری حمایت کر رہی ہیں، اب ہم ان سیاسی قوتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو پارلیمنٹ کا حصہ نہیں ہیں، ہم نے جماعت اسلامی کی قیادت سے بھی رابطہ کیا ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ صورتحال میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم عید الفطر کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ ہم عید الفطر کے 3 دن اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں۔