عیدالفطر کے موقع پر زائد کرایہ وصولی کے خلاف محکمہ ٹرانسپورٹ کی مہم جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق مہم کے دوران صوبے بھر میں 710 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، 427 گاڑیوں کا چالان کیا گیا، قانون شکن ٹرانسپورٹرز پر مجموعی طور پر 3,84,200 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، متاثرہ مسافروں کو موقع پر ہی 10,15,300 روپے واپس کروائے گئے
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف مہم عید الفطر کے بعد تک جاری رہے گی، شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ عوام کو منصفانہ اور سستی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے، عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیمیں مسلسل نگرانی کر رہی ہیں ، جو بھی زائد کرایہ وصول کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔