Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز، ایوانِ صدر میں پریڈ

ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔

یومِ پاکستان کی مناسبت سے مرکزی پریڈ ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زرداری تھے، وزیراعظم شہباز شریف، مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیر اور وفاقی وزراء بھی پریڈ میں شریک تھے۔

پاک فضائیہ کے دستوں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا جبکہ دیگر فورسز کی ٹیموں نے بھی پریڈ میں پرفارمنس دکھائی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ جذبہ جس نے پاکستان کو وجود بخشا، ہمیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں، اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کے لیے ثابت قدم رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر، تقسیم اور منفی رجحانات کو مسترد کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بابائے قوم کی تصور کردہ قوم میں بدلنے کے لیے ثابت قدمی اور اجتماعی وژن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ابھرتی قوم سے جوہری طاقت تک کا سفر استقامت اور مضبوط عزم سے طے ہوا، ہمارا سفر ختم نہیں ہوا، ملک کو مزید ترقی کی بلندیوں پر لے کر جانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں اس تبدیلی کی معترف ہیں، درست پالیسیوں، نیک نیتی اور قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

Share this news
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts