پاکستان ریلوے نے عیدالفطر پر خصوصی ٹرینیں چلانے کے ساتھ دیگر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔ کرایوں میں کمی صرف عید کے تینوں روز کے لئے ہوگی۔
کرایوں میں کمی
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ جسکے مطابق اس بار عیدالفطر پر کرایوں میں 20 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ یہ رعایت پاکستان ریلوے کی تمام ایکسپریس، میل اور انٹر سٹی ٹرینوں پر ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالفطر کیلئے ایڈوانس بکنگ کروانے والوں پر بھی کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اطلاق ہوگا تاہم عید کیلئے چلائی جانے والی اسپیشل ٹرینوں پر ان رعایتی کرایوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے ساتھ تمام بکنگ دفاتر کو بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔
عیداسپیشل ٹرینیں
پاکستان ریلوے نے عیدالفطر پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سے لاہور 26 مارچ کو روانہ ہوگی۔ دوسری عید اسپیشل ٹرین 26 مارچ کو کوئٹہ سے صبح 10 بجے پشاور کیلیے روانہ ہوگی، تیسری ٹرین کراچی سے 27 مارچ کو رات 8 بجے راولپنڈی کیلیے روانہ ہوگی۔
اسی طرح، چوتھی 27 مارچ کو رات ساڑھے 8 بجے کراچی سے لاہور، پانچویں کراچی سے لاہور کیلیے 28 مارچ کو روانہ ہوگی۔ عید اسپیشل ٹرینیں اکنامی کلاس، اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ بوگیوں پر مشتمل ہوگی۔