یورپ میں کی جانے والی ایک منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ حیران کن طور پر شادی خواتین کے مقابلے میں مردوں کو زیادہ موٹا بنا دیتی ہے، شادی کے بعد مردوں کے وزن میں اوسطا تین گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔
طبی ویب سائٹ ویب ایم ڈی کے مطابق یورپی ملک پولینڈ کے ماہرین کی جانب سے 2400 سے زائد 50 سال کی عمر کے افراد پر کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ مجموعی طور پر شادی دونوں جنسوں کے افراد کو موٹا بنا دیتی ہے۔
ماہرین نے تحقیق کے دوران یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا واقعی شادی مرد حضرات کو صحت مند بنا دیتی ہے اور ان میں شادی کے بعد بیماریاں کم ہوتی ہیں؟ ماہرین نے پایا کہ حیران کن طور پر شادی کے بعد مردوں کا وزن خواتین کے مقابلے زیادہ بڑھتا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ شادی کے بعد ان کی صحت خراب ہوسکتی ہے۔
ماہرین کو نتائج سے معلوم ہوا شادی کے بعد مجموعی طور پر مرد اور خواتین کا وزن بڑھنا شروع ہوتا ہے، تاہم مردوں کا وزن زیادہ بڑھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق غیر شادی شدہ مردوں کے مقابلے شادی شدہ مردوں کا وزن تین گنا بڑھ جاتا ہے جب کہ خواتین میں یہ شرح کم ہوتی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ شادی کے بعد مردوں کے وزن میں 62 فیصد جب کہ خواتین کے وزن میں 39 فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے اور ہر سال اس میں ترتیب وار اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔