پاکستانی شہریوں پر جعل سازی کے نئے حملوں کے بعد نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان (پی کے سی ای آر ٹی) نے ایڈوائزری جاری کر دی۔ ایڈوائزری کے مطابق جعل ساز قانون نافذ کرنے والے اداروں کےاہلکار کا روپ دھار کر جعلی ای میلز کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ان ای میلز میں وصول کنندگان پر سائبر کرائم کا الزام لگا کر انہیں خوفزدہ کرنے اوران کی نجی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی کی جاتی ہے۔ ملزمان شہریوں کے ذاتی معلومات حاصل کرنے کے بعد انہیں رقم کی ادائیگی پر مجبور کر تے ہیں ان معلومات کی بنیاد پر ملزمان آن لائن بینک اکاونٹ تک رسائی حاصل کر کے شہریوں کو انکے رقوم سے بھی محروم کر دیتے ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان جواب نہ دینے کی صورت میں قانونی کاروائی،گرفتاری، میڈیا میں تشہیر اور بلیک لسٹ کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔ ان ای میلز میں’کمشنر پولیس ڈپارٹمنٹ، سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن وغیرہ کا نام لیا جاتا ہے جو پاکستان میں موجود ہی نہیں ہیں، اسکے علاوہ ملزمان ان قوانین کے نام بھی استعمال کرتے ہیں، جو یا تو لاگو نہیں یا پاکستان میں موجود نہیں ہیں۔
ملزمان جعلی ای میل ڈومینز بلخصوص حکومتی آفیشل ڈومین کا استعمال بھی کرتے ہیں ۔ پی کے سی ای آر ٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اس طرح کی کسی بھی ای میلز کا جواب دینے سے گریز کریں ۔شہری باقائدگی سے اپنے بینک اکاؤنٹس اور ای میلز کو چیک کرتے رہیں اور کسی قسم کی بھی مشکوک سرگرمی محسوس ہونے پر اس کی اطلاع پی کے سی ای آر ٹی یا متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔