سندھ حکومت نے سزا یافتہ قیدیوں کے بچوں کو پرائمری سے یونیورسٹی تک مفت تعلیم دینے کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے سینٹرل جیل کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ اور وزیر جیل خانہ جات حسن علی زرداری نے بھی شرکت کی۔
پروگرام انچارج پروفیسر معراج کے مطابق سندھ حکومت پیغام پاکستان پروگرام کے تحت سزا یافتہ قیدیوں کے بچوں کو پرائمری سے یونیورسٹیوں تک مفت تعلیم دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کی جیلوں میں موجود قیدیوں کے 3 ہزار سے زائد بچوں کے لیٹر کی تیاری کا عمل جاری ہے، جنہیں مفت تعلیم دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے کہا کہ اونر شپ ریاست سے شروع ہوتی ہے، ریاست ماں کی طرح ہے، بچوں کی خدمت کرنا جس کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ درد انسان کو انسان بنانے میں مدد کرتا ہے، قیدیوں کے بچوں کو بچانا ہے انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنانا ہے۔