کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فورسز نے 155 مسافروں کو بازیاب کروالیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران رہا کرائے گئے یرغمالیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔بازیاب کرائے گئے مسافروں میں 17 سے زائد زخمی بھی شامل تھے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر مسافروں کو کوئٹہ،مچھ اور دیگر علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے۔
دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے مسافروں کے لئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن بھی جاری ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں، دہشت گردوں نے خود کش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل ساتھ بٹھایا ہوا ہے، خود کش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹیں پہنے ھوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دہشت گرد معصوم افراد کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز معصوم یرغمالیوں میں خود کش بمباروں کی موجودگی کے باعث انتہائی اختیاط سے کام لے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جعفرایکسپریس کو بولان کے علاقے میں دہشتگردوں نے حملے کا نشانہ بنایا تھا۔ دہشت گردوں نے ٹرین میں سوار 500 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔