کراچی میں خسرہ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، درجنوں بچے مختلف اسپتالوں میں داخل ہو گئے۔ جنگ نیوز کے مطابق وارڈ انچارج ڈاکٹر عرفان کا کہنا ہے کہ سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال میں خسرہ کے 17مریض زیرِ علاج ہیں جن میں خسرہ میں مبتلا 8 بچے 1 سال سے کم عمر کے ہیں۔
اسپتال حکام کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض اطفال میں خسرہ کے مریض بچوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، یومیہ 6 سے زائد بچے خسرہ سے متاثر ہو کر ایمرجنسی میں آ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ سول اسپتال میں بھی روزانہ 4 سے 6 نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، سول اسپتال میں 12 جبکہ عباسی شہید اسپتال میں 6 بچے خسرہ کے باعث زیرِ علاج ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق خسرہ وائرل بیماری ہے جو زیادہ تر بچوں پر حملہ آور ہوتی ہے، حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے بچے خسرہ کا شکار ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خسرہ کی ابتدائی علامات نزلہ، زکام، کھانسی اور خارش ہیں۔ طبی ماہرین نے یہ بھی بتایا ہے کہ خسرہ قوت مدافعت کو بری طرح متاثر کرتا ہے جبکہ مرض کے شدت اختیار کرنے پر یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔