مصطفی عامر قتل کیس، عدالت نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کردی

مصطفی عامر اغواء اور قتل کیس میں عدالت نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کردی ہے۔ عدالت نے ملزم کے وکیل کی عبوری چالان جمع کرانے کی درخواست پر نوٹس جاری کردیے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں مصطفی عامر اغواء اور قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے ملزم ارمغان قریشی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیاکہ کیا رپورٹ لائے ہیں، تفتیشی افسر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم سے ڈی وی آر ، آلہ ضرب اور ایک آئی فون بھی برآمد کرلیا ہے، ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 17 مارچ تک کی توسیع کی جائے۔

ملزم کے وکیل عابد زمان ایڈوکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو پولیس ریمانڈ میں 15روز سے زائد ہوگئے ہیں، پولیس کی تفتیش مکمل ہوگئی ہے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔ ملزم کے وکیل نے دوران سماعت چالان پیش کرنے کی درخواست بھی دائر کی۔

عدالت میں آئی او نے جج کو بتایا کہ آلہ قتل اور ڈی وی آر برآمد کرلیا گیا ہے۔ جس پر ملزم کے وکیل نے کہا کہ ڈی وی آر اور آلہ قتل ڈنڈا پہلے ہی برآمد کیا جاچکا ہے۔ مزید ریمانڈ نہ دیا جائے۔ عدالت نے ملزم کی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مقدمہ کی پروگریس رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے ملزم کو والدین سے 5 منٹ کی ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے سوال کیا کہ جو اشیا برآمد کی ہیں وہ ساتھ ساتھ سیل کررہے ہیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ جی جو اشیا برآمد ہوئی ہیں وہ سیل کررہے ہیں۔ عدالت نے ملزم ارمغان قریشی سے سوال کیا کہ کوئی مار پیٹ تو نہیں ہوئی؟ ملزم ارمغان نے شکوہ کیاکہ ’میں سر نہیں ہلا سکتا‘۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts