بحریہ ٹاؤن کراچی کی انتظامیہ کا کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی سب سے بڑی نادہندہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، رہائشی منصوبے کی انتظامیہ نے6 سال سے پانی کا بل ادا نہیں کیا، واجبات 14 ارب 78 کروڑ روپے تک جاپہنچے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کے مالک ملک ریاض کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے سب سے بڑے نادہندہ ہیں۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے واٹر کارپوریشن کا پچھلے 6 سال سے بل ادا نہیں کیا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے 14 ارب 78 کروڑ کے نادہندہ ہیں۔ واٹرکارپوریشن کے مطابق بحریہ ٹاؤن سب سوائل لائسنس کے بغیر زیرزمین پانی نکال رہا ہے، 2018 میں بحریہ ٹاؤن کراچی میں کُل 59 بورز کی نشان دہی کی گئی تھی، بحریہ ٹاؤن نے یومیہ تقریباً1.77 ملین گیلن یا 7.43 ملین لیٹر پانی نکالا۔
کارپوریشن کے مطابق سندھ حکومت نے دسمبر 2018 کے منظورکردہ قانون اور نوٹیفکیشن میں نکالے گئے پانی پر فی لیٹر ایک روپیہ فیس عائد کی۔ واٹرکارپوریشن نے بل کی ادائیگی کے لیے بحریہ ٹائون کراچی کو نوٹس جاری کیا،میڈیا رپورٹ کے مطابق متعدد بار رابطہ کرنے پربحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے کوئی جواب نہیں دیا۔