محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری اضافے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے دن میں گرمی کی شدت بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے وقت شہر میں سمندری ہوائیں چلنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔
دوسری جانب ملک کے بیشتراضلاع میں آج موسم خشک رہے گا، محکمہ موسمیات نے کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک، مری اور گلیات میں سردی اور جزوی ابر آلود مطلع رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک، پہاڑی علاقوں میں شدید سردی رہی۔ لہہ میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 13 ڈگری، استور منفی 06، کالام منفی 04، جبکہ گوپس اور ہنزہ میں منفی 03 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔