پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ چار مارچ کو دبئی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا سیمی فائنل کھیلا جائے گا جبکہ پانچ مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گے۔
اس پورے ایونٹ میں بھارتی ٹیم دبئی کے میدان کو ہوم گراؤنڈ کے طور پر استعمال کررہی ہے اور گروپ کے تینوں میچز میں نا قابل شکست رہی، اُس نے بنگلادیش، پاکستان اور نیوزی لینڈ کو مات دی لیکن کیا بھارتی ٹیم ناقابل تسخیر رہے گی، پچھلے سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پرنے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے بغیر کوئی میچ ہارے ٹائٹل جیتا تھا، یہی نہیں بھارتی ٹیم نے 2023 کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل سمیت راؤنڈ رابن لیگ کے تمام مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن فائنل میں آسٹریلیا نے اُسے چھ وکٹ سے ہرادیا۔
جاری ایونٹ میں بھی بھارت نے اپنے گروپ کے تمام میچز میں فتح حاصل کی اور بنگلادیش، پاکستان اور نیوزی لینڈ کو ہرایا، اب سیمی فائنل میں وہ آسٹریلیا کے مدمقابل ہے جو دو ہزار تیئس کے ایک روزہ ورلڈ کپ میں اُسے فائنل میں ہراچکی ہے، دیکھنا یہ ہے کہ کیا گروپ میچوں میں ناقابل تسخیر رہنے والی بھارتی ٹیم اس چیمپئنز ٹرافی میں بھی ناقابل شکست گھر واپس جاتی ہے یا نہیں۔