پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے 10ارب روپے کی اسمگل شدہ بھارتی ممنوعہ ادویات برآمد کر کے ضبط کر لیں ہیں۔
کلکٹر انفورسمنٹ معین الدین وانی نے ڈپٹی کلکٹرز کسٹمز باسط حسین اور رضا نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی بھارت سے اسمگل ہونے والی ممنوعہ ادویات کورنگی کے گودام میں منظم انداز میں ذخیرہ کی گئی ہیں۔ جس پر اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز بسمہ کی قیادت میں ٹیم نے 20فروری کو چھاپہ مارکر ٹریماڈول نامی دوا کی 21.794ملین گولیاں اور کیپسول برآمد کرلیے۔
حکام کے مطابق اسے دردکش دواکے طورپر استعمال کیا جاتا ہے، اس میں افیون کی مقدار موجود ہوتی ہے۔ متعدد ممالک میں یہ دوا کنٹرولڈ میڈیسن ڈکلیئرڈ ہے جبکہ حکومت پاکستان بھی اسے کنٹرولڈ میڈیسن ڈکلیئر کرنے پر غور کررہی ہے۔ اس کیس میں کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں اورمختلف زاویوں پر تفتیش جاری ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے یہ جنوبی ایشیا میں اب تک کی سب سے بڑی ضبطی ہو سکتی ہے، برآمد شدہ مقدار کو نقل و حمل کے لیے بڑے کنٹینر کی ضرورت ہوتی ہے۔ گزشتہ سال، ممبئی کسٹمز نے 1.1 ارب روپے کی 6.8 ملین گولیاں ضبط کیں۔