آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے شکست کے بعد کرکٹر بابر اعظم کو شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شائقین کرکٹ کہتے ہیں کہ بابر اعظم کو ٹیم سے باہر کردینا چاہیے جب ٹیم میں نہیں ہوگا تو ہوش ٹھکانے آئیں گے، شائقین کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دیکھا تھا بابر اعظم کو بٹھایا تو پاکستان ٹیسٹ سیریز جیت گیا، اسی طرح کرنا چاہئے اُس کے ساتھ ، جو کھلاڑی پرفارم نہیں کررہا اُس کو ڈراپ کروگے تو مسئلہ حل ہوگا ورنہ پاکستانی ٹیم کا یہی حشر ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف اننگز بابر اعظم کی آئی سی سی کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ایونٹس کی مجموعی طور پر 41ویں اننگز تھی، تھی جس میں وہ صرف 23رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم کے مداح، کرکٹ شائقین اور ماہرین کو بڑی امید تھی کہ وہ روایتی حریف کے خلاف اسکور کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بابر اعظم نے 41 اننگز میں مجموعی طور پر تیرہ نصف سنچریوں اور صرف ایک سنچری کی مدد سے ایک ہزار پانچ سو تیرسٹھ رنز بنائے ہیں، یہ ایک سنچری بھی اُنہوں نے ساڑھے پانچ برس پہلے 2019 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنائی تھی جس میں وہ پلیئر آف دی میچ بھی بنے تھے۔
اب بابر اعظم کو خود ہی فیصلہ کرنا ہے کہ اُنہیں کیا کرنا ہے، یا تو وہ ٹیم سے باہرہوکر فارم حاصل کرنے کی کوشش کریں یا پھر اسی طرح لوگوں کی باتیں سُنیں گے۔