چیمپیئنزٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کشتی ایک بار پھر ڈگمگا رہی ہے۔ مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہونے کے دہانے پر کھڑی ہے اور اب کوئی کرشمہ ہی گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک لے جاسکتا ہے۔ یعنی پاکستان کو اب پھر قدرت کے نظام کا پر انحصار کرنا ہے۔
پاکستانی ٹیم چیمپیئنزٹرافی کے گروپ اے میں شامل ہے جس میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں موجود ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت دو میں سے دو میچ جیت کر پہلے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ نے ایک میچ جیتا اور دو پوائنٹس کے ساتھ اسکا دوسرا نمبر ہے۔ بنگلہ دیش تیسرے اور پاکستان سب سے آخری چوتھے نمبر پر ہے۔
سیمی فائنل میں رسائی کیلئے پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کی بھارت اور بنگلہ دیش دونوں سے شکست کی امید لگانی ہوگی۔ جسکے بعد پاکستان کو اپنے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو بھاری مارجن سے ہرانا ہوگا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت اور بنگلہ دیش سے ہاری اور پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرایا تو پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے دو دو پوائنٹس ہوں گے اور تینوں میں سے بہتر رن ریٹ والی ٹیم گروپ اے سے بھارت کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔