سندھ حکومت نے آکسفورڈ پاکستان پروگرام (او پی پی) کے ساتھ مل کر بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے دو گریجویٹ اسکالرشپس متعارف کرا دیں ہیں۔
اسکالرشپس کا مقصد سندھ کے باصلاحیت طلبہ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے سرکاری دورے کے دوران کیا۔
دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے لیڈی مارگریٹ ہال (ایل ایم ایچ) کے پرنسپل پروفیسر اسٹیفن بلیتھ کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی، جہاں انہیں او پی پی کی جانب سے پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع پیدا کرنے کے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔
تقریب میں بےنظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو اور مصنفہ وکٹوریا شوفیلڈ نے بھی شرکت کی۔ اس اسکالرشپ کے ذریعے ہر سال سندھ کے 6 نمایاں طلبہ کو ’ایل ایم ایچ‘ میں گریجویٹ ڈگری حاصل کرنے کے لیے مالی مدد ملے گی۔
شہید بےنظیر بھٹو اسکالرشپ کے تحت خواتین کو 3 اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اسکالرشپ کے تحت 3 اسکالرشپس دی جائیں گی۔ گزشتہ سال، او پی پی نے تین طلبہ کو اسکالرشپس دی تھیں جن میں سے دو کا تعلق سندھ سے اور ایک کا بلوچستان سے تھا۔
بلاول نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’او پی پی پاکستانیوں، خاص طور پر پسماندہ پس منظر کے ہونہار طلبہ کے لیے مواقع پیدا کر رہا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’میں سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے صوبوں کے طلبہ کی مدد کے لیے او پی پی کے ساتھ تعاون کیا۔‘
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسکالرشپس، طلبہ کو علم اور ہنر سے آراستہ کریں گی تاکہ وہ اپنی برادریوں میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔