ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ چیمپئن بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کیلئےبڑا دھچکا اُس وقت لگا جب دُنیا کے ٹاپ بولرز میں سے ایک جسپریت بھمراہ کمر کی تکلیف کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہوگئے، اپنی شاندار سوئنگ بولنگ سے اُنہوں نے بھارت کو کئی میچز جتوائے اور کئی ایونٹس میں عمدہ پرفارمنس دی
جسپریت بھمراہ کیلئے یہ دوسرا موقع ہوگا جب وہ کسی آئی سی سی ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکیں گے، اس سے قبل وہ 2022 میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی کمر کی تکلیف کی وجہ سے باہر ہوئے تھے، بھمراہ نے 89 ایک روزہ میچز میں ایک سو اُننچاس وکٹیں حاصل کی ہیں، ایک میچ میں اُن کی بہترین بولنگ 19 رنز کے عوض چھ وکٹیں ہیں، وہ دو مرتبہ پانچ یا اُس سے زائد وکٹیں حاصل کرچکے ہیں
بھمراہ کی جگہ ہرشیت رانا پندرہ رُکنی اسکواڈ میں شامل ہیں، 23 سالہ فاسٹ بولر صرف تین ایک روزہ میچز کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، ایک اور بڑی تبدیلی یش اسوی جسوال کی صورت میں ہوئی ،جسوال چیمپئنز ٹرافی کیلئے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں شامل تھے لیکن جب گیارہ فروری کو اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کا وقت آیا تواُن کو ڈراپ کردیا گیا
جسوال کو ڈراپ کرنے میں ماہرین اور شائقین نے سوال اُٹھایا اورغصے کا بھی اظہار کیا ، لوگوں کا خیال ہے کہ جسوال کو ایک روزہ میچوں میں مکمل موقع نہیں دیا گیا، جسوال ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچز میں زبردست پرفارم کرتے رہے ہیں ، جس کے بعد اُنہیں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا
سوشل میڈیا پر جسوال کو ڈراپ کرنے پربھارتی شائقین نے اپنے تحفظات ظاہر کیے، اُن کا کہنا تھا کہ جسوال جیسے عمدہ بیٹر کی جگہ اسپنر ورون چکرورتی کو جگہ دینا سمجھ سے باہر دکھائی دیتا ہے
ان دو تبدیلیوں کے باوجود بھارتی ٹیم مضبوط دکھائی دیتی ہے کیوں کہ ٹیم میں کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی ، کے ایل راہول، رشبھ پنٹ اور شُبھمن گل جیسے بیٹر موجود ہیں جو اپنے کردار کو ادا کرنا خوب جانتے ہیں، اس کے علاوہ ہاردیک پانڈیا، واشنگٹن سندر،اکثر پٹیل اور رویندرا جدیجا کی صورت میں آل راؤنڈز کی صور ت میں ایک لمبی فہرست ہے، فاسٹ بولرز کا شعبہ تجربہ کار محمد شامی، ارشدیپ سنگھ اور ہرشیت رانا سنبھالیں گے
بھارت چیمپئنز ٹرافی میں اپنے گروپ کے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا ، پچ اورکنڈیشنز کے حساب سے یہ جگہ بھارتی اسپنرز اور بیٹرز کیلئے انتہائی موزوں ہوگی اور وہ اس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے یقینا تیسری مرتبہ ایونٹ کو جیتنے کی کوشش کریں گے ۔