کراچی جیل سے 22 بھارتی ماہی گیر رہا کر دیے گئے، جو کل واہگہ بارڈر سے بھارت کے حوالے کیے جائیں گے۔
کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے 22 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا گیا ہے جنہیں سرکاری ادارے کی نگرانی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے انتظامات پر بس کے ذریعے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ لانڈھی جیل ارشد شاہ کے مطابق رہائی پانے والے 22 بھارتی ماہی گیروں میں 3 مسلمان جبکہ 19 ہندو شامل ہیں۔ اِن ماہی گیروں کو پاکستانی سمندری حدود میں گزشتہ ڈھائی سے 3 سال کے دوران غیر قانونی طور پر مچھلیوں کے شکار پر پاکستانی اتھارٹیز نے حراست میں لیا تھا۔
ماہی گیروں نے مقامی عدالت سے ملی جرم کی سزا مکمل کر لی ہے، انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کر کے ان کے وطن روانہ کیا جا رہا ہے۔ جیل سے رہائی کے وقت ماہی گیروں کو اخراجات کی معقول رقم اور تحائف بھی دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ارشد شاہ کے مطابق لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں مزید 198 بھارتی ماہی گیر سزا کاٹ رہے ہیں۔