کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم یوں تو کئی لحاظ سےتاریخی اہمیت کا حامل ہےلیکن اس کی ایک خاصیت ایسی ہے جو دنیا کے کسی بھی اسٹیڈیم کو حاصل نہیں جی ہاں نیشنل اسٹیڈیم دنیا کا واحد اسٹیڈیم ہےجہاں کسی بھی امریکی صدر نے باقائدہ بیٹھ کر میچ دیکھا ہے۔
امریکی سفارت خانے کی آفیشل سوشل میڈیا پیج پرپوسٹ کی جانے والی ایک تصویر کے مطابق یہ بات ہے 1959 کی جب امریکی صدر ڈوائٹ آئزن ہاورپاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے دورے کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں وی آئی پی اسٹینڈ میں بیٹھ کر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والےٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل دیکھا تھا۔ اس وقت کے پاکستانی صدر ایوب خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، امریکی صدر نے اس موقع پر پاکستانی مونو گرام والا بلیزر پہن رکھا تھا۔
اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم میں خاص مہمان کے لئےخصوصی انتظامات کئے گئے تھے، اسٹیڈیم کے داخلی دروازے پر پاکستان اور آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ امریکہ کا پرچم بھی لہرایا گیا تھا۔ دنیا بھر میں کرکٹ کی مقبولیت کے باوجود امریکی کبھی بھی اس کھیل میں کچھ خاص دلچسپی نہیں رکھتے یہی وجہ ہے کہ ہے امریکی صدر کو بتایا گیا کہ کرکٹ کس طرح کا کھیل ہے اور یہ یہ کیسے کھیلی جاتی ہے۔
یہ امریکی تاریخ کا پہلا موقع تھا جب کسی امریکی صدر نے کرکٹ میچ دیکھا تھا ، امریکی صدر ڈوائٹ آئزن ہاور نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کرکٹ لیجنڈز حنیف محمد، فضل محمود اورامتیاز احمد سمیت پاکستانی کرکٹ ٹیم سے ملاقات بھی کی۔