سعودی عرب کی جانب سے پولیو ویکیسینیشن کے حوالے سے خصوصی ہدایت جاری ہونے کے بعد قومی ائیر لائن پی آئی اے نے بھی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے نئی ہدایات کی روشنی میں گزشتہ کئی روز سے مسافروں کو ائیرپورٹس پر دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لئے پولیو کی ویکینئشن لازمی قرار دے دی گئی۔
ترجمان کے مطابق پولیو ویکسینیشن، سعودی عرب کا سفر کرنے سے کم از کم چار ہفتے قبل لگوانا لازمی قرار ہے مگر 6 ماہ سے زیادہ پرانی بھی نہیں ہونی چاہیے۔پولیو ویکسینیشن ہر مسافر کے لئے لازمی ہے چاہے وہ عمرہ ویزے پر ہوں یا سیاحتی ویزے پر یا اقامہ پرسفر کر رہا ہو۔ وہ مسافر حضرات جو سعودی عرب کے کسی بھی ائر پورٹ پر 12 گھنٹے سے کم کا ٹرانزٹ کریں گے ان کے لئے ویکسین لگوانا ضروری نہیں ہے۔
ترجمان کےمطابق ویکسینیشن سرٹیفیکٹ پر گورنمنٹ یا پرائیویٹ ہسپتال کی مہر لگوانا لازمی ہے۔ایسے تمام مسافر حضرات جو سعودیہ کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں سے التماس ہے کہ ائیرپورٹ آنے سے قبل ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ ہر صورت میں ساتھ لائیں بغیر سرٹیفیکیٹ کے سعودی عرب کی جانب سفر کی اجازت نہیں ہوگی لہذا دشواری سے بچیں،یہ ہدایات تمام ائیرپورٹس اور تمام ائیرلائنز کے ذریعے سفر پر لاگو ہوں گی۔