میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن ہائی الرٹ ہوگیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایم ڈی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے شبِ برات کے موقع پر انتظامات کے حوالے سے احکامات جاری کردیے ہیں اور اس حوالے سے ایس او ٹو ایم ڈی واٹر کارپوریشن سردار شاہ نے متعلقہ حکام کو مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔
حکام کے مطابق شبِ برات سے قبل شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں گے، قبرستانوں، مزاروں، عبات گاہوں اور مساجد کے اطراف میں فراہمی و نکاسی آب کی تمام شکایات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ شبِ برات کے موقع پر قبرستانوں کے داخلی و خارجی راستوں پر زائرین کے لیے پانی سے بھرے واٹر ٹینکرز کھڑے کیے جائیں۔
مراسلہ کے مطابق فوکل پرسن ٹو ایم ڈی برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر قبرستانوں اور مساجد میں پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے واٹر ٹینکرز کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام اضلاع کے سپرینٹنڈنٹگ انجینئرز منتخب نمائندوں ضلعی انتظامیہ سماجی اور مذہبی تنظیموں سمیت علمائے کرام سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شبِ برات کے موقع پر قبرستان میں زائرین اور عبادت گزاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا کرنا نہ پڑے اس لیے فراہمی و نکاسی آب کے بہتر انتظامات کیے جائیں انہوں نے کہا کہ شبِ برات کے انتظامات کے سلسلے میں کسی قسم کی کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔