بیرون شہر کسی عزیز کی شادی ہو ، کوئی اور خاص موقع یا چھٹیوں میں اہل خانہ کے ہمراہ کسی پر فضا مقام کی شہریوں کی بڑی تعداد ایسی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع نہیں گنواتے اور سوشل میڈیا کا استعمال توہم سب کی زندگیوں میں ایسا رچ بس گیا ہے کہ ہم کہیں بھی جائیں اپنی سرگرمیاں، کھانے پینے کی اکٹیویٹی، سیر و تقریح کےدوران خوشگوار لمحات سے لے کر اپنی خریداری اور روز مرہ کی دیگر معلومات تک شیئر کرتے ہیں ۔
لیکن سوشل میڈیا پر آپکی شیئر کی گئی یہ اطلاعات آپکے لئے مصیبت اور شدید مالی نقصان کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ کوئی بھی ان معلومات کا فائدہ اٹھا سکتاہے اور بند گھر میں نقب لگا کر آپکو قیمتی اشیاء سے محروم کر کے بھاری مالی نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔
بیرون شہر میں آپکی موجودگی کی اطلاع پر آپ کے جعلی سوشل میڈٰیا اکاونٹ کے زریعے آپکے دوستوں سے کسی ایمرجنسی کا تذکرہ کر کے رقم کی وصولی کے واقعات بھی معلوم بن چکے ہیں
سماجی ماہرین کا مشورہ ہے کہ گھر بند کر کے لمبے یا مختصر عرصے کے لئے باہر جاتے ہوئے چند باتوں کا خیال ضرور رکھنا چاہیے ۔ اپنے سفر اور مقامات کا شیڈول سوشل میڈیا پر کہیں جانے سے قبل یا دوران سفر شیئر کرنے سے پرہیز کریں ، دوران سفر اپنی تصاویر فوری طور پر شیئرنہ کریں یہ کام آپ واپسی پر بھی اطمینان سے کرسکتے ہیں۔
گھر کے باہر مرکزی دروازے پر تالا لگانے کے بجائے آٹو میٹیک لاک کا استعمال کریں۔ دروازے پر پڑا تالا ہر کسی کو گھر کے خالی ہونے کی اطلاع خوبخود دیتا ہے جو محفوظ نہیں۔ گھر سے باہر نکلتے وقت سونا، چاندی، زیورات یا نقدی گھر میں نہیں چھوڑنی چاہیےاسے بینک ، رشتہ دار یا کسی اور محفوظ مقام پر منتقل کردینا مناسب ہے۔
اپنی غیر موجودگی سے متعلق پڑوسیوں کو آگاہ کریں اور گھر کا خیال اور مشتبہ لوگوں پر نظر رکھنے کی گزارش کریں۔ اگر آپ کے علاقے میں کمیونیٹی پولیس کی سہولت ہے تو انہیں بھی تحریری طور پر آگاہ کر یں تاکہ وہ سرویلنس کا مناسب انتظام کر سکیں۔